فلسطین میں ظلم و ستم کی نئی داستان رقم،اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 60 فلسطینی شہید اور 2 ہزار سے زائد زخمی


Mian Fayyaz Ahmed Posted on May 15, 2018

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے ۔سراج الحق نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ جس میں60 سے زائدفلسطینی شہید اور دوہزار سے زائد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ظلم و جبر اور قتل عام کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائےں اور اسرائیل کی وحشت اور بربریت کو رکوانے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی اور امریکہ کی اسرائیل کی سرپرستی سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف گزشتہ 70سال سے احتجاج کررہے ہیں مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اب امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل ہونے سے اسرائیل کی درندگی اور وحشت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے عالم اسلام سے بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینیوں کی فوری امداد اوراسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔