ٹرک اور جیپ کے ملاپ سے دنیا کی سب سے بڑی ’’ایس یو وی‘‘ تیار


Mian Fayyaz Ahmed Posted on March 06, 2019

ابو ظہبی:ویگن اور کار کے ملاپ والی گاڑیاں سپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل یا ایس یو وی کہلاتی ہیں جو امریکہ اور یورپ میں بہت مقبول ہیں لیکن امارتی شیخ نے ٹرک اور جیپ کے ملاپ سے ایک عجیب و غریب ایس یو وی بنائی ہے جسے انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی ایس یو وی قرار دیا ہے۔دس پہیوں والی اس گاڑی کا نام ’’ظہبیان‘‘ رکھا گیا ہے، اس کی تیاری میں اوشکوش ایم 1075 فوجی ٹرک او راینگلر جیپ کو باہم ملایا گیا ہے۔ 600 ہارس پاور کا 6 سلنڈر کیٹرپلر انجن اس میں نصب ہے اور گاڑی کی کل لمبائی 10.8میٹر اور وزن 24 ٹن ہے۔اسے شیخ حمدان بن النہیان نے خصوصی طور پر بنایا ہے جو متحدہ عرب امارات میں عجیب و غریب اور مہنگی کاروں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔ عظیم الجثہ ایس یو وی کو حال ہی میں شارجہ کے ایک شو میں پیش کیا گیا ہے لیکن اس کی قیمت نہیں بتائی گئی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ شیخ حمدان کے ذاتی گیراج میں یہ سب سے مہنگی گاڑی ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے اسے غیرضروری قرار دیا ہے۔ کچھ ماہرین نے اس کے اگلے حصے کو بدصورت قرار دیا اور دوسری جانب بعض نے اس کے ایندھن کی اوسط کو خوفناک قرار دیا ہے۔