پی ٹی آئی والے پرائی طاقت پر اندھے بنے ہوئے ہیں: پیپلز پارٹی


Mian Fayyaz Ahmed Posted on January 01, 2019

کراچی: سندھ حکومت کے خاتمے اور صوبے میں گورنر راج سمیت صوبے میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے مطالبے پر پیپلزپارٹی رہنما تحریک انصاف پر برس پڑے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی عددی اکثریت کیا ہے اور یہ خواب دیکھ رہے ہیں، تحریک انصاف پہلے اپنے اراکین اسمبلی کو سنبھالے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اراکین اپنے لیڈرکے بچگانہ پن کی وجہ سے نالاں ہیں، میں سمجھ رہا تھا کہ یہ لوگ سدھر جائیں گے، مگر یہ بھی کتے کی دم والی بات ہے جو سیدھی نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے سوال پر کہا کہ وفاقی کابینہ ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق کیا فیصلہ کرتی ہے اس کا علم نہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو بھی پی ٹی آئی پر پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا پھٹا ہوا ڈھول پھر سنائی دے رہا ہے، وفاقی حکومت کی صلاحیت کام سے نہیں ہے، ماضی میں وفاق سے سندھ میں ڈاکو آئے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ میں مصنوعی گورنر راج کی کوشش پہلی بار نہیں ہے، ایک وزیر کہتا ہے صوبے کا پانی بند کردیں گے، سندھ کا پانی بند کرنا آسان کام نہیں ہے، سندھ کی حکومت گرانا چاہتے ہیں تو آجائیں، سندھ حکومت گرانے والے اپنی بھی خیر منائیں۔ پی پی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا انداز حکومت صحیح نہیں ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی کہا صرف جے آئی ٹی کی رپورٹ پر حکومت گرانے نہیں دیں گے، اگر سندھ کی حکومت گرانے کی کوشش کی، تو آپ بھی نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ سندھ پر چیئرمین پیپلزپارٹی اور عوام کا اعتماد ہے، انہیں ہٹانے کا بیان بھی غلط بات ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ پی ٹی آئی والے وزیراعظم کو فرشتہ بناکرپیش کرتے تھے، آج وزیراعظم کے چھپے اثاثے بھی سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی سے ٹکرانا ہے تو ہم تیار ہیں، یہ پرائی طاقت پر اندھے بنے ہوئے ہیں، حکومت اگر باز نہ آئی تو نتائج جلد سامنے آجائیں گے اور حکومت نےکوئی ایسی حرکت کی تو گمنام ہوجائے گی۔